۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
برسی علامہ مشتاق ہمدانی

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے معروف عالم دین، ممتاز مذہبی و سماجی شخصیت اور مرکزی رہنما علامہ سید مشتاق حسین ہمدانی کی ساتویں برسی کے موقع پر مرحوم کے خانوادے، شاگردوں اور عقیدتمندوں سے تسلیت کا اظہار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے معروف عالم دین، ممتاز مذہبی و سماجی شخصیت اور مرکزی رہنما علامہ سید مشتاق حسین ہمدانی کی ساتویں برسی کے موقع پر مرحوم کے خانوادے، شاگردوں اور عقیدتمندوں سے تسلیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

انہوں نے کہا: ہمارے ہونہار شاگرد کی حیثیت سے علامہ مشتاق ہمدانی مرحوم نے نہ صرف ایک ذہین و فطین طالب علم، ایک بہترین استاد و مدرس کی حیثیت سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ عملی زندگی میں فلاحی و رفاہی عوامی شعبوں میں بھی گرانقدر خدمات انجام دیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: اسی طرح مدارس دینیہ کے فروغ اور اتحاد بین المسلمین کی ترویج کی لئے بھی ان کی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔ بلاشبہ ان کی رحلت سے جو خلا پیدا ہوا اسے پر کرنا آسان نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا: علامہ مشتاق ہمدانی مرحوم ایک ملنسار اور اخلاص کے پیکر کی شکل میں علمی و دینی حلقوں میں مقبول تھے۔ ان کی شخصیت کا اہم پہلو یہ ہے کہ وہ ابتدا سے ہی ملی پلیٹ فارم سے وابستہ و مربوط رہے۔ یہی وجہ ہے کہ آخری دم تک صوبائی اور مرکزی سطح کی ذمہ داریاں بطریق احسن انجام دیتے رہے اور کسی مجبوری یا معذوری کو آڑے آنے نہ دیا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: ہم ایسے وقت میں ان کی یاد منا رہے ہیں جب ایسی ہمہ جہت اور بے پناہ صلاحیتوں کی مالک شخصیات کی موجودگی عہد حاضر کی ضرورت ہے۔ تاہم ان کی شخصیت کے ان مختلف پہلوﺅں کو مشعل راہ بنا کر توانا ملی آواز بننے کی سعی و کوشش ضرور کی جاسکتی ہے اور ان کی بے لوث اور گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا طریقہ بھی یہی ہے کہ مختلف میدانوں میں جاری ان کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .